کاروار :29؍اپریل(ایس اؤ نیوز) کووڈ دیہی علاقوں میں نہ پھیلنے پائے، جس کے لئے ضروری ہے کہ دوسرے مقامات سے آنے والوں پر کڑی نگرانی رکھی جائے، ان کا کورونا ٹیسٹ لیا جائے اور انہیں سختی کے ساتھ ہوم کورنٹائن میں رکھا جائے۔ان باتوں کی ہدایات اترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ملئے مگیلن نے دیں۔
کاروار ڈی سی دفتر میں تعلقہ سطح کے افسران اور ڈاکٹر وں کے ساتھ منعقدہ ورچوئیل میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنگلورو سمیت دیگر اضلاع سے کئی لوگ ضلع کے مختلف دیہاتوں کو لوٹ رہے ہیں۔ افسران کے لئے ضروری ہے کہ جو بھی لوگ گاؤں پہنچ رہے ہیں ان کے اعداد و شمارات کو درج کیا جائے اور ان پر کڑی نگاہ رکھی جائے ۔ گاؤں لوٹنے والوں کو رہائش کے لئے کوئی پریشانی ہورہی ہے تو اس سلسلے میں بھی ان کا تعاون کریں، ان کا کووڈ ٹسٹ لیں۔ اگر رپورٹ پوزیٹیو آتی ہے تو اسپتال میں داخل کرکے فوری علاج شروع کیا جائے۔
ڈی سی نے بتایاکہ گرام پنچایت کی سطح پر پنچایت افسر ان کی قیادت میں میڈیکل آفیسر ، آشا کارکنان اور انگن واڑی کارکنان آپسی تال میل سےکاموں کو انجام دیں۔ جو بھی باہر ی اضلاع یا مقامات سے شہر پہنچ رہے ہیں انہیں گھر میں ہی کوارنٹائن ہونے اور باہر نہ نکلنے کی تاکید کریں اور کورونا کے متعلق زیادہ سے زیادہ عوامی سطح پر بیداری پیدا کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت کی سطح پر تشکیل دی گئی کووڈ ٹاسک فور س نتیجہ خیز انداز میں کام کرنا چاہئے۔
ضلع پنچایت سی ای اؤ پریانگا ایم ، ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراج ، ایڈیشنل ڈی سی ایچ کے کرشنا مورتی ، اے سی ودیا شری چندرگی ،ضلع میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شرد نایک، ضلع آیوش افسر ڈاکٹر لتا، تحصیلدار آر وی کٹی ، تعلقہ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سورجا نایک اور میونسپالٹی کمشنر آر پی نائک موجود تھے۔